پاکستانی جوہری تنصیبات پر حملہ کرنیکی صلاحیت موجود ہے، بھارتی ایئر چیف
نیودہلی: بھارتی فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھنوا نے پاکستان کی جوہری تنصیبات پر سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ائرفورس دو محاذوں پر جنگی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ادھر پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ بی ایس دھنوا نے سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سرجیکل اسٹرائیک میں پاکستان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ پاکستان کی نیوکلیائی تنصیبات کو بہ آسانی نشانہ بنا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ سرحد پار پاکستان کی جوہری تنصیبات کو ڈھونڈ کر نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ائر چیف بی ایس دھنوا نے کہا کہ اگر بھارتی حکومت اگلی سرجیکل اسٹرائیک کا فیصلہ لیتی ہے تو سرحد کے اُس پار پاکستان کے جوہرے ہتھیاروں کو تباہ کیا جاسکتا ہے اور اِس کی فضائیہ بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ ’’مکمل سپیکٹرم آپریشن‘‘ کیلئے تیار ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اگلی سر جیکل اسٹرائیک، جس میں فضائیہ کو بھی شامل ہونا چاہئے کے حوالے سے حتمی فیصلہ حکومت ہی لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل سپیکٹرم آپریشن کیلئے بھارتی فضائیہ کو ’’42 جنگی سکواڈرن‘‘ کی ضرورت ہے، اگر بیک وقت دو محاذوں پر جنگ چھڑ جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتیہ فضائیہ کو یہ سہولیت 2032ء میں فراہم ہوگی۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ چین کے ساتھ جنگ کی صورت میں بھی بھارتی فضائیہ بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔