50 لاکھ ریال مالیت کا سونا لوٹنے والے 6 پاکستانیوں کو ریاض پولیس نےگرفتار کرلیا
ریاض: 50 لاکھ ریال مالیت کا سونا لوٹنے والے 6 پاکستانیوں کو ریاض پولیس نےگرفتار کرلیا۔ ریاض پولیس کے ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ واردات کرنےو الوں نے سونے کا شو روم بند کرکے گھر جانے والے یمنی کارکن کو قابو کرلیا تھا۔ وہ اس کے ہاتھ پاﺅں باندھ کر اسے شوروم واپس لائے۔ چابی چھینی اور پھر شوروم کھول کر وہاں موجود 50 لاکھ ریال مالیت کے زیورات قبضے میں کرکے فرار ہوگئے تھے۔ گورنر ریاض نے واردات کی اطلاع ملنے پر صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر رہزنوں کو گرفتار کرنے کے سخت احکام جاری کئے۔ ریاض پولیس کے ڈائریکٹر نے انتہائی ہنرمند اور تجربہ کار افسران پر مشتمل ایک ٹیم رہزنوں کی نشاندہی ،تلاش اور گرفتاری کیلئے تشکیل دی۔ بالآخر ٹیم نے انہیں تلاش کرکے گرفتار کرلیا۔ ان میں سے 2خروج عودة نکلوا چکے تھے اور سفر کرنے ہی والے تھے۔ واردات میں استعمال ہونےو الی کار بھی برآمد کرلی گئی۔ تفصیلات پر پتہ چلا کہ جعلی کاغذات کی بنیاد پر ایجنسی سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی۔ واردات کرنے والوں نے رہزنی کی جملہ تفصیلات کا اعتراف ریکارڈ کرا دیاہے۔ پاکستانی گروہ نے ایک کمپنی کی گاڑی بھی چوری کی تھی جس میں لاکھوں ریال مالیت کے 1225 لیپ ٹاپ رکھے ہوئے تھے۔ رہزنوں نے مسروقہ سامان بیرون مملکت بھجوانے کے انتظامات کررکھے تھے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے واقعہ سے ریاض پبلک پراسیکیوشن کو مطلع کردیاگیا ہے۔