فرانسیسی سینیٹر پر خاتون ساتھی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کا الزام
الزامات میں کہا گیا جوئل گوریو نے اپنی ساتھی سینیٹرسینڈرین جوسو کے مشروب میں نشہ آور چیز شامل کی تھی
فرانس کے سینیٹر جوئل گوریو پر خاتون سینیٹر سے زیادتی کی کوشش کے الزام کے بعد انہیں پارٹی سے معطل کردیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 66 سالہ جوئل گوریو کو جمعے کو حراست میں لے کر ان پر الزامات عائد کیے گئے تاہم 48 گھنٹوں بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق جوئل گوریو پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے منگل کو اپنے گھر پر خاتون سینیٹر سینڈرین جوسو کو دیے جانے والے مشروب میں نشہ آور چیز ملائی جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہوگئی اور وہ وہاں سے چلی گئیں۔
جوئل گوریو کے وکیل نے کہا ہے کہ وہ خاتون سینیٹر کے ساتھ زیادتی کا ارادہ نہیں رکھتے تھے اور انہوں نے سینڈرین جوسو سے معافی بھی مانگ لی ہے اور یہ سب غلطی سے ہوا۔
ان کے وکیل نے کہا ہے کہ جوئل گوریو ایک ایماندار اور قابلِ احترام شخص ہیں جو اپنی اور اپنے خاندان کی عزت کو بحال کریں گے چاہے اس میں زیادہ وقت ہی کیوں نہ لگے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جوئل گوریو کو منشیات کے استعمال اور زیادتی کے ارادے سے اسے خفیہ طور پر ملانے کے الزامات عائد کرنے کے بعد عدالتی نگرانی میں رہا کر دیا گیا ہے اور تفتیش جاری رہنے تک انہیں خاتون سینیٹر اور گواہان سے رابطہ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔