سعودی عرب ، ایران تنازع، روس نے ثالثی کی پیشکش کر دی
ماسکو: روس نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازعات کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش کی ہے جبکہ روس کا کہنا ہے کہ ماسکو دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ایران فرنٹ پیج (آئی ایف پی) کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگڈانوف نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تنازعات کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسکو، تہران اور ریاض کے درمیان بامقصد مذاکرات کا خواہاں ہے اور اس کے لئے مذاکرات کی میزبانی کرنے کو بھی تیار ہے، ہم نے کئی بار دونوں ممالک کو مذاکرات کی پیشکش کی مگر ہم کسی بھی ملک پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرسکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان بہتر تعلقات سے خطے کی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ روسی حکام سعودی عرب اور ایران میں بہتر تعلقات چاہتے ہیں اور اسی لئے ہم نے انہیں مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔