دنیا

انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا عالمی برادری کے اعتماد کا اظہار ہے، پاکستان

نیویارک: امریکا و بھارت کی مخالفت کے باوجود پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوگیا۔ پاکستان دو تہائی سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے اگلے 3 سال کے لیے انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوگیا ہے۔ پاکستان نے امریکا اور بھارت کی مخالفت کے باوجود کامیابی حاصل کی۔
اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے پاکستان پر اعتماد کرنے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا اعتماد کا ووٹ ہے اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کی تنہائی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوگئے ، ہماری فتح اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے کردار کی توثیق ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کونسل کے رکن کے طور پر اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرے گا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بےنقاب کرے گا ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 151 ووٹ حاصل کر کے پاکستان چوتھی بار ایشیا بحرالکاہل ریجن سے انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوا۔
پاکستان کے ہمراہ دیگر 11 ممالک بھی انسانی حقوق کونسل کے رکن منتخب ہوئے جن میں آسٹریلیا، افغانستان، نیپال، قطر، کونگو، سلوواکیا، اسپین، یوکرین، چلی، میکسیکو اور پیرو شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پچھلی بار 2015 میں پاکستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی ایشیائی نشست کا انتخاب ہار گیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close