امریکا کے ساتھ کسی بھی وقت ایٹمی جنگ چھڑسکتی ہے، شمالی کوریا
نیویارک: شمالی کوریا نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ہمارے ایک انچ علاقے کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے بہت بڑی مصیبت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور کسی بھی وقت ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں تعینات شمالی کوریا کے ڈپٹی سفیر کم ان رونگ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اب اس نہج تک پہنچ چکے ہیں کہ کسی بھی وقت ایٹمی جنگ شروع کی جاسکتی ہے۔ سلامتی کونسل کے جنرل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کم ان رونگ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا دنیا کا واحد ملک ہے جسے 1970 سے لے کر اب تک امریکا کی جانب سے سب سے زیادہ خطرہ ہے اس لئے ہمیں اپنے دفاع کے لئے تمام جوہری ہتھیار رکھنے کا حق ہے۔ انہوں نے بڑے پیمانے پر فوجی مشقوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ہمارے ملکی رہنما کو ہٹانے کا منصوبہ بنارکھا ہے جو امریکا کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ کم ان رونگ کا کہنا تھا کہ رواں برس شمالی کوریا ایک مکمل ایٹمی طاقت بن کر ابھر چکا ہے اور ہم نے ناصرف ایٹمی جوہری بم تیار کئے ہیں بلکہ ہائیڈروجن بم اور بلیسٹک میزائل کے تجربات بھی کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے اہم مقامات ہمارے نشانے پر ہیں اگر اس نے ہمارے ایک انچ حصے کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے بہت بڑی مصیبت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔