پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان مقابلے میں فائرنگ سے 30 اہلکار ہلاک
مصر: عرب افریقی اسلامی ملک مصر کے صوبہ غیزہ میں چھاپے کے دوران پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان مقابلے میں فائرنگ سے 30 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ مصری حکام کے مطابق پولیس نے قاہرہ سے 135 کلو میٹر دور صوبہ غیزہ کے علاقے الوحت البحریہ کے ایک مکان میں 8 مشتبہ افراد کے متعلق اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا، اسی دوران عسکریت پسندوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے فائرنگ میں 30 اہلکار ہلاک ہوگئے جن میں 16 افسران بھی شامل ہیں جب کہ 4 پولیس افسر اور 4 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مصری وزارت داخلہ کے مطابق مقابلے میں متعدد عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق پولیس اور عسکریت پسندوں کی جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جب کہ عسکریت پسندوں کی طرف سے بموں کا استعمال کیا جارہا ہے، تاہم پولیس نے مکان کا محاصرہ کرلیا ہے اور مزید نفری طلب کرکے قریبی عمارتوں پر تعینات کردی گئی ہے جب کہ ذرائع کے مطابق پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان مقابلے میں ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔