کیمرون کی مسجد میں د ہشتگردوں کاخودکش حملہ ، 10نمازی شہید، ایک زخمی
وسطی افریقی ملک کیمرون کے شمالی علاقے میں ایک مسجد میں خودکش حملے کے نتیجے میں 10 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک خودکش بمبار نے نماز فجر کی ادائیگی کے دوران مسجد میں خود کو دھماکے سے اڑالیا
جس کے نتیجے میں مسجد میں موجود 10 نمازی شہید ہوگئے جبکہ ایک نمازی شدید زخمی ہوگیا۔ واضح رہے کہ نائجیریا کی
شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے گزشتہ ایک سال سے پڑوسی ممالک چاڈ، نائیجر اور کیمرون میں خودکش دھماکوں کا سلسلہ
شروع کررکھا ہے۔ بوکو حرام خودکش حملوں میں خواتین خودکش بمباروں کو استعمال کیا جاتا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے
کہ مسجد میں ہونے والا دھماکہ بھی بوکو حرام کی کارروائی ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ منگل کے روز ہی پاکستان کے شہر کوئٹہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید
جبکہ 25 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں خود کش حملے کے تھوڑے ہی دیر بعد افغانستان کے شہر جلال آباد
میں پاکستان کے قونصل خانے پر خود کش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پاکستان اور افغانستان کےحملوں
کے بعد کیمرون کی مسجد میں بھی اسی نوعیت کا خودکش حملہ ہوا ہے جس میں نشانہ مسلمان ہی بنے ہیں۔