بشار السد کو ہر صورت اقتدار چھوڑنا ہو گا:عادل الجبیر
ریاض: سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ جب تک بشارالاسد شام میں اقتدار پر قابض ہیں شام کا تنازع حل نہیں ہو سکتا، اس لیے بشارالاسد کو ہرصورت میں حکومت چھوڑنا ہو گی۔
ریاض میں عرب وزراءخارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عادل الجبیر نے کہا کہ آنے والے چند مہینوں میں بشارالاسد رجیم اور اس کے حامیوں کی سنجیدگی واضح ہو جائے گی کہ آیا وہ ملک میں امن چاہتے ہیں یا شامی قوم کا قتل عام ہی ان کی پالیسی ہے۔سعودی وزیرخارجہ نے ریاض میں ہونے والے عرب وزراءخارجہ کو خطے کے مسائل کے حل کے لیے آپس میں ہم آہنگی پیدا کرنے کا بہترین موقع قرار دیا۔ انہو نے کہا کہ شام کے حوالے سے سعودی عرب کی طے شدہ پالیسی اور موقف واضح ہے۔ سعودی عرب شامی عوام کے ساتھ ہے۔ آنے والے دنوں میں اسد رجیم اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے چہروں سے نقاب اتر جائیں گے۔
عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ بشارالاسد کا شام میں اقتدارپر فائز رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا ہے۔ انہیں بہر صورت اقتدار عوام کے سپرد کرنا ہوگا۔
سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ شامی قوم انقلاب ادھورا نہیں چھوڑیں گے۔