منصور بن مقرن کے ہیلی کاپٹر کو خود سعودی لڑاکا طیاروں نے مار گرایا، اسرائیل کا دعویٰ
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سعودی شہزادہ منصور بن مقرن کے ہیلی کاپٹر کو سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے نشانہ بنا کر سرنگون کردیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بروز اتوار سعودی حکام نے کہا تھا کہ دوران پرواز ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا جس کی وجہ سے منصور بن مقرن ہلاک ہوگئے۔ سعودی سرکاری ٹی وی کے مطابق سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر گرنے کا واقعہ سعودی عرب کے جنوب میں واقع یمن کی سرحد کے قریب پیش آیاتھا جس میں ہیلی کاپٹر میں شہزادے سمیت آٹھ افراد سوار تھے جو سب کے سب ہلاک ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ شہزادہ منصور بن مقرن صوبہ عسیر کے ڈپٹی گورنر تھے۔
حادثے کی خبر ملتے ہی سعودی عرب کے عوامی حلقوں میں شکوک و شبہات زور پکڑنے لگے جبکہ اب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار نہیں ہوا بلکہ اسے گرایا گیا ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیلی کاپٹر کو جان بوجھ کر گرایا گیا ہے، اسرائیلی اخبار آحارونوٹ نے لکھا ہے کہ ایک سعودی لڑاکا طیارے نے ہیلی کاپٹر کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔اسرائیل اخبار کا دعویٰ ہے کہ سعودی شہزادہ ملک سے فرار کرنے کی کوشش کررہا تھا جس کی وجہ سے ان پر حملہ کیا گیا۔خیال رہے کہ شہزادہ مقرن کو اپریل 2015 میں ان کے سوتیلے بھائی شاہ سلمان نے ولی عہدی سے ہٹادیا تھا اور ان کی جگہ پرنس محمد بن نائف کو کراؤن پرنس بنایا تھا۔