دنیا

مزدوری کے 50 روپے سے ایک کروڑ کا انعام

بھارتی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی کام کے غرض سے ریاست کیرالہ آنے کے اگلے دن کی قسمت کھل گئی اور وہ اب اپنے آبائی شہر واپس جا رہے ہیں۔

22 سالہ موفیجل رحیما شیخ نے کیرالہ کی سرکاری کرونیا لاٹری میں ایک کروڑ بھارتی روپے کا انعام جیت لیا ہے۔

کام کی تلاش میں وہ کیرالہ کے شہر كوجھيكوڑ پہنچے ہی تھے کہ اگلے ہی دن ایک کروڑ روپے کی لاٹری میں انعام کے حقدار قرار پائے۔

جیسے ہی انھیں پتہ چلا کہ ان کے نام کی لاٹری نکلی ہے، وہ فوری طور پر پولیس تھانے گئے اور اپنے لیے سکیورٹی مانگی۔ انھیں ڈر تھا کہ کہیں کوئی ان کی جیتی ہوئی رقم چرا نہ لے۔

موجیفل شیخ بدھ کو كوجھيكوڑ پہنچے تھے اور اگلے دن مزدوری کرکے انھیں جو 50 روپے ملے اس سے انھوں نے لاٹری کا ٹکٹ خریدا اور اسی ٹکٹ نے ان کی قسمت کھول دی۔

ایک مقامی پولیس افسر یو کے شاہجہان نے

بتایا: ’اس نے بتایا کہ ٹکٹ فروخت کرنے والے ایک معذور شخص سے انھوں نے رحم دلی کے طور پر ٹکٹ خریدا تھا۔‘

تین دن بعد شیخ کو پتہ چلا کہ وہ لاٹری میں انعام جیت چکے ہیں

اس کے بعد انھوں نے دو دن پولیس تھانے میں گزارے، اپنے قیمتی ٹکٹ کو سنبھال کر رکھا اور ہندوؤں کے مذہبی تہوار شوراتری کی چھٹی کے بعد بینکوں کے کھلنے کا انتظار کیا۔

ایک اور پولیس افسر اے وی جان نے بتایا کہ ’وہ اتوار کو یہ کہتے ہوئے یہاں آیا کہ اس کی جان کو خطرہ ہے۔ وہ اپنے تمام سامان کے ساتھ آیا تھا۔ اس کو سنبھالنا اس لیے بھی مشکل تھا کہ وہ بہت دباؤ اور جوش میں تھا۔ منگل تک وہ مطمئن ہو گیا۔‘

موفیجل شیخ شادی شدہ ہیں اور ان کی آٹھ ماہ کی ایک بیٹی ہے۔ وہ لاٹری جیتنے کے بعد بھی کام کرتے رہنا چاہتے ہیں اور یہ پیسے اپنا گھر خریدنے کے لیے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ مغربی بنگال کے بردھمان ضلع میں ان کے گھر آنے پر ایک بڑی دعوت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ کیرالہ سے روزگار کی تلاش میں بڑی تعداد میں افراد خلیجی ممالک جاتے ہیں جس کی وجہ سے مغربی بنگال سے ہزاروں افراد کیرالہ روزگار کے لیے نقل مکانی کرتے ہیں، جہاں انھیں مغربی بھارتی ریاستوں کے مقابلے میں دگنا معاوضہ ملتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close