دنیا
تھائی لینڈ کے وزیراعظم کو عدالت نے ہٹا دیا جبکہ جاپان کے وزیراعظم نے استعفیٰ دیدیا
تھائی لینڈ کی عدالت نے وزیراعظم سریتھا تھاوسین کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدہ نے ستمبرمیں استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔
تھائی لینڈ کی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا وزیراعظم سریتھا تھاوسین نے آئینی حدود اور اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ سابق سینٹرز نے وزیراعظم پر اخلاقیات کی خلاف وزری کا مقدمہ دائر کیاتھا۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایک سابق وکیل کو کابینہ میں عہدہ دیا تھا جو ایک بار جیل میں رہ چکے تھے اور مجرمانہ کارروائی میں ملوث تھے۔ سریتھا تھاوسین 22 اگست 2023 کو تھائی لینڈ کے وزیراعظم بنےتھے۔ وہ ایک سال سے بھی کم عرصہ عہدے پرفائز رہے۔
دوسری جانب جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدہ نے ستمبرمیں استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔انہوں نے آئندہ ماہ حکمراں جماعت ایل ڈی پی کے انتخابات میں بھی حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ فومیو کشیدہ نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ایل ڈی پی کی قیادت میں ایک نیا چہرہ سامنے آئے۔وہ نئی قیادت کی مکمل حمایت کریں گے۔