امریکی خاتون رپورٹر نے کینیڈی جونیئر کو اپنی ’نازیبا‘ تصاویر بھیجی ، رپورٹ
اولیویا نوزی کی سابق صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ساتھ تعلقات سامنے آنے پر منگنی بھی ٹوٹ گئی
امریکی صدارتی انتخابات کے سابق امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے مبینہ طور پر اس بات کا اظہار کیا تھا کہ نیویارک میگزین کی رپورٹر اولیویا نوزی نے انہیں اپنی ’نازیبا‘ تصاویر بھیجی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق 70 سالہ سیاست دان نے اپنے قریبی دوستوں کو وہ تصاویر دکھائیں جو سیاسی نامہ نگار نے انہیں بھیجی تھیں، جس کے نتیجے میں یہ اسکینڈل منظر عام پر آیا۔
31 سالہ اولیویا نوزی سے مبینہ طور پر نیویارک میگزین کے ایڈیٹر ان چیف ڈیوڈ ہاسکل نے 13 ستمبر کو ایک ملاقات کے دوران ان تصاویر کے بارے میں پوچھا تھا۔
نوزی نے شروع میں الزامات کی تردید کی لیکن بعد میں مبینہ طور پر تصاویر کا اعتراف کیا، جس کے بعد انہیں ان کی پوزیشن سے معطل کر دیا گیا اور اس حوالے سے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 13 ستمبر کو نوزی کو میٹنگ میں بلایا گیا جہاں انہیں تصاویر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ نیویارک میگزین نے نوزی کی معطلی پر ایک بیان جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ نوزی نے امریکی صدارتی انتخابات 2024 کی مہم کے دوران ذاتی تعلقات قائم کیے، جو میگزین کے معیارات کے خلاف تھا۔
میگزین نے نوزی کے پچھلے مضامین میں کسی بھی قسم کی غلطی یا جانبداری کے ثبوت نہ ہونے کی وضاحت کی، لیکن انہیں معطل کردیا گیا تھا۔
جس کے بعد خاتون رپورٹر اولیویا نوزی کی سابق صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ساتھ تعلقات سامنے آنے پر منگنی بھی ٹوٹ گئی تھی۔
اولیویا نوزی پر سابق صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ساتھ مبینہ تعلقات کا الزام سامنے آنے کے بعد ان کے منگیتر، پولیٹیکو کے ریان لزا نے تصدیق کی تھی کہ دونوں کی منگنی ختم ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر امریکا کے سابق صدر جان ایف کینیڈی کے بھتیجے ہیں، جنہیں 22 نومبر 1963 کو ڈیلاس میں قتل کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے اگست کے آخر میں اپنی صدارتی مہم معطل کرتے ہوئے ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔