سوئٹزرلینڈ میں برقع پر پابندی کے بل کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا
عبادت گاہوں اور دیگر مقدس مقامات پر چہرے ڈھانپے کی اجازت ہوگی
عوامی مقامات پر نقاب والا برقع پہننے پر ایک ہزار سوئس فرانک جرمانے کی سزا ہوگی
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں برقع پر پابندی کے بل کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عوامی مقامات پر چہرے کو ڈھانپنے اور برقع پہننچے پر پابندی اور اس کی خلاف ورزی پر ایک ہزار سوئس فرانک جرمانے کی سزا آئندہ برس کے پہلے دن سے نافذالعمل ہوگی۔
گورننگ فیڈرل کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ اس پابندی کا اطلاق طیاروں اور سفارتی یا قونصلر احاطے پر نہیں ہوگا جب کہ عبادت گاہوں اور دیگر مقدس مقامات پر بھی چہرے ڈھانپے کی اجازت ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چہرہ ڈھانپنے کی اجازت صحت اور حفاظت سے متعلق وجوہات، مقامی رسم و رواج یا موسمی حالات کی وجہ سے بھی رہے گی۔ اس کے علاوہ فنکارانہ اور تفریحی بنیادوں پر یا اشتہارات کے لیے بھی اجازت ہوگی۔
علاوہ ازیں اگر اظہار رائے اور اجتماع کی آزادی کو استعمال کرنے میں ذاتی تحفظ کے لیے چہرہ ڈھانچے کی ضرورت ہو، تو اس کی اجازت دی جانی چاہیے بشرط کہ ذمہ دار اتھارٹی پہلے ہی اس کی منظوری دے چکی ہو تاکہ امن عامہ میں خلل پیدا نہ ہو۔
یاد رہے کہ برقع پابندی سے معروف اس بل پر 2021 میں ریفرنڈم کرایا گیا تھا اور 2023 میں منظوری پارلیمنٹ سے بھی لی گئی تھی تاہم اس پر عمل درآمد نہیں کرایا گیا تھا۔