شام : دارالحکومت کی رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں 7 افراد شہید
عراقی اسلامی مزاحمت کا اسرائیل کے زیرِ قبضہ اہم اہداف پر ڈرون حملوں کا دعویٰ
بیروت : اسرائیل کے حملوں میں روزانہ تقریباً 38 لبنانی شہید ہو رہے ہیں۔
اسرائیلی فورسز کے گزشتہ روز شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ پر حملے میں 36 فلسطینی، لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے حملے میں 23 لبنانی جبکہ شام کے دارالحکومت کی رہائشی عمارت پر ہوئے حملے میں 7 شامی شہید ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز کے گزشتہ روز محاصرے کے دوران 49 فلسطینیوں شہید ہو گئے۔
لبنانی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملوں میں روزانہ تقریباً 38 لبنانی شہید ہو رہے ہیں۔
لبنان میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں دارالحکومت بیروت کے شمال میں واقع المت گاؤں میں 7 بچوں سمیت 23 شہری شہید ہو گئے۔
لبنان سے شمالی اسرائیل پر کیے گئے راکٹ حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
شام کی وزارتِ دفاع کے مطابق اسرائیلی فورسز نے دارالحکومت دمشق پر بھی بم باری کی جس میں 7 افراد شہید ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عراقی اسلامی مزاحمتی گروپ نے اسرائیل کے زیرِ قبضہ شمال اور جنوب کے علاقوں میں اہم اہداف پر ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق نیویارک میں درجنوں فلسطینی حامی مظاہرین اس ہوٹل کے باہر مظاہرہ کر رہے ہیں جہاں اسرائیلی صدر قیام پزیر ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ کے بعد لبنان میں ہونے والے اسرائیلی حملوں میں تقریباً 3 ہزار 189 لبنانی شہید اور 14 ہزار 78 زخمی ہو گئے۔
7 اکتوبر 2023ء سے جاری فلسطینوں کی نسل کشی میں اب تک تقریباً 43 ہزار 603 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 2 ہزار 929 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔