ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزد کابینہ کو دھمکیاں موصول ہونے کا انکشاف
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کو بم سے اڑانےاور قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کیلئے نامزد کئی شخصیات کو دھمکیاں موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی نامزد ترجمان کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ اور آئندہ برس اقتدار سنبھالنے والی انتظامیہ کے نامزد کئی افراد کو رواں ہفتے بم سے اڑانے اور مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بیشتر شخصیات کو منگل کی شب اور بدھ کی صبح یہ دھمکی آمیز پیغامات ملے ہیں جس کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ نے ان افراد حفاظت کے انتظامات سخت کر دیے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے نامزد ترجمان کیرولین لیویٹ نے ان افراد کے نام اور دھمکیوں کی نوعیت واضح نہیں کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس کے نامزد ترجمان کیرولین لیویٹ کا مزید کہنا تھا کہ ان دھمکیوں میں بم سے اڑانے سمیت ہراساں کرنے کے پیغامات شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اقوامِ متحدہ کیلئے نامزد سفیر اور رکنِ کانگریس الیس اسٹافنک، ایوانِ نمائندگان کے رُکن اور اٹارنی جنرل کیلئے اپنی نامزدگی واپس لینے والے میٹ گیٹز، محکمۂ محنت کے لیے نامزد سیکریٹری لوری شاوئز ڈریمر، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی سربراہی کے لیے نامزد رکنِ کانگریس لی زیلڈن سمیت دیگر کو دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔