برسلزمیں یکے بعد دیگرے 7 دھماکوں میں 30 افراد ہلاک، متعدد زخمی
برسلز: بیلجئم کے شاہی محل، ایئرپورٹ، میٹرو اسٹیشن اور یورپی یونین کے دفتر کے قریب 7 مختلف دھماکوں کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ دھماکوں کے بعد برسلز کا کنٹرول فوج نے سنبھال لیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیلجئم کے دارالحکومت برسلز کے زیوینٹم ائیرپورٹ، رائل پیلس،میٹرواسٹیشن اور یورپی یونین کے دفتر کے قریب 7 مختلف دھماکوں میں 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جس کے بعد فوج نے شہر کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے برسلز اور اس کے گرد و نواح میں کرفیو نافذ کردیا۔ حکومت نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بھی طلب کرلیا جو کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ طلب کیا گیا ہے، سیکیورٹی اداروں نے بیلجئم فرانس سرحد بند کرتے ہوئے ایئرپورٹ کی قریبی عمارتیں اور یورپی یونین کے دفاترخالی کرالئے اور موبائل فون سروس بھی معطل کردی۔
برسلزکے زیونٹم ایئرپورٹ کے ڈیپارچر ہال میں امریکی کاؤنٹر کے قریب 2 زورداردھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے جب کہ ایئرپورٹ دھماکوں کے آدھے گھنٹے بعد یورپی یونین انسٹی ٹیوشن کے قریب میٹرومال بیک اسٹیشن پر بھی یکے بعدیگرے زور دار 2 دھماکے ہوئے جس میں 10 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، وقفے وقفے سے دھماکوں کا سلسلہ بڑھتا گیا اور یورپی یونین کے دفتر کے قریب دھماکے کے بعد صدارتی محل کے قریب بھی 2 دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے تمام میٹرواسٹیشن اور فضائی آپریشن بند کردیئے گئے۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل بیلجئم پولیس نے برسلز میں کارروائی کرکے پیرس حملوں کے مرکزی ملزم صالح عبدالسلام کو گرفتار کرلیا تھا۔