دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے سری لنکا کے ساتھ مل کرکام کریں گے،وزیراعظم
کولمبو: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدام پر سری لنکا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
کولمبو میں سری لنکن صدر کے ہمراہ وفود کی سطح پر ملاقات کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سری لنکن قیادت سے مذاکرات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئے جس میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں ممالک کا اس پر یکساں موقف ہے، پاکستان اور سری لنکا باہمی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کے مواقع بھی موجود ہیں جب کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ دونوں ملک دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدام میں مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسری لنکا برادردوست ملک ہیں اور دورہ سری لنکا مضبوط تعلقات کا مظہر ہے جب کہ دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہے،دونوں ممالک مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر تعاون کریں گے، سائنس، ٹیکنالوجی، زراعت کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے۔
اس موقع پر سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسری لنکاکےتعلقات میں بہتری کے لئے وزیراعظم نواز شریف کی خدمات قابل تحسین ہیں، آپ نےکئی بارثابت کیا کہ آپ سری لنکاکےاچھے دوست ہیں، آپ پاکستانی عوام کوبہترین سربراہی فراہم کررہےہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں سیاسی عدم استحکام میں کمی واقع ہوئی ہے۔