’یہ شرمناک عادت جسے بھی لگ جائے اس کا سر قلم کردو‘ سعودی عرب نے نیا قانون متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا
ریاض : مغربی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے ہم جنس پرستوں کے خلاف سخت ترین قدم اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور مملکت کے قانون ساز اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ہم جنس پرستی کے جرم کے مرتکب ہونے والوں کو سزائے موت دی جائے۔
ویب سائٹ نے مقامی سعودی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی حکام ہم جنس پرستی کے بارے میں متفکر ہیں اور خصوصاً سوشل میڈیا کے باعث اس قبیح رجحان کی ترویج کے پہلو پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ حکام سوشل میڈیا کے ذریعے بلا روک ٹوک اختلاط کو غیر فطری تعلقات کے بڑے اسباب میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔
مغربی میڈیا کا کہنا ہے کہ مملکت کے قانون ساز ناصرف سوشل میڈیا پر پابندیوں کے خواہاں ہیں بلکہ اس کی وجہ سے پھیلنے والی ہم جنس پرستی کے لئے بھی سخت ترین قوانین کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ مقامی میڈیا کے حوالہ سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران 35 ہم جنس پرستوں کے خلاف مقدمات دائر کئے جا چکے ہیں۔