دبئی میں وزٹ اور رہائشی ویزہ کیلئے نیا نظام متعارف
متحدہ عربامارات نے ”یو اے ای ویژن“ کے نام سے وزٹ اور رہائشی ویزے کا نیا نظام لاگو کر دیا ہے جس کے تحت اب دبئی جانے کے خواہش مند حضرات متحدہ عرب امارات کے ریزیڈنسی ڈیپارٹمنٹ کے منظور شدہ ٹائپنگ سروس سنٹرز کے ذریعے بھی ہر قسم کا ویزہ حاصل کر سکیں گے۔ نیوز ویب سائٹ ایمریٹس 24/7کی رپورٹ کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد احمد الماری کا کہنا تھا کہ ”اب ویزے کے حصول کے لیے غیرملکی افراد کو جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرزکے اندرون و بیرون ملک دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں۔ اب لوگ منظور شدہ ٹائپنگ سروس سنٹرز کے ذریعے بھی وزٹ اور رہائشی ویزے کی درخواست دے سکتے ہیں اور ہر قسم کے ویزوں کی تجدید بھی کروا سکتے ہیں۔آج سے ویزہ یا اس سے متعلق کسی بھی قسم کی سروس ٹائپنگ سروس سنٹرز سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ نظام متحدہ عرب امارات کا ویزہ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کا وقت بچانے اور انہیں کوفت سے بچانے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔“
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے شعبہ ایڈمنسٹریٹو سپورٹ(Administrative support) کے عہدیدار کرنل حسین ابراہیم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ”یو اے ای ویژن کے تحت ویزہ حاصل کرنے کے غیرملکیوں کو چاہیے کہ ٹائپنگ سروس سنٹرز کو اپنی درست معلومات مہیا کریں۔ صارفین کا فون نمبر، رہائش کا پتہ، ای میل ایڈریس وغیرہ درست ہونے چاہئیں تاکہ جنرل ڈائریکٹوریٹ کو ان سے رابطہ کرنے میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔ جو لوگ وزٹ ویزہ سے متعلقہ ٹرانزیکشنز کے لیے درخواست دیں گےان سے ای میل کے
ذریعے رابطہ کیا جائے گا اور جو لوگ ریزیڈنسی ویزہ سروس کے لیے درخواست دیں گے انہیں زیجل کوریئر سروسز(Zajel Courier Services) کے ذریعے ویزہ ارسال کیا جائے گا۔لہٰذا دونوں صورتوں میں ان افراد کا ای میل ایڈریس اور رہائش کا پتہ درست ہونا چاہیے۔