مائیکل جچکسن کا مجسمہ توجہ کا مرکز بن گیا
دس فٹ اونچے اس مجسمے کو مائیکل جیکسن کے ایک پرستار چندرشیکھرن نے گرینائٹ کے ایک بڑے پتھر سے تراش کروایا ہے انڈیا کی جنوبی ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چینّئی میں امریکہ کے معروف پاپ سٹار مائیکل جیکسن کا ایک مجسمہ نصب کیا گیا ہے۔ دس فٹ اونچے اس مجسمے کو مائیکل جیکسن کے ایک پرستار چندرشیکھرن نے گرینائٹ کے ایک بڑے پتھر سے تراش کروایا ہے۔چندر شیکھرن کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش تو یہ تھی کہ یہ مجسمہ وہ جیکسن کے اہل خانہ کو بطور تحفہ پیش کر سکیں اور اسے نیور لینڈ رینچ میں نصب کیا جائے لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ اس بات کی تصدیق تو نہیں ہوئی کہ آیا مائیکل جیکسن کی فیملی چندرشیکھرن کی پیش کش کا کوئی جواب دیا بھی تھا یا نہیں۔اس مجسمے کا افتتاح شہر کی ویلز یونیورسٹی میں معروف فلمی اداکار اور رقاص پربھو دیوا نے کیا جو خود بھی مائیکل جیکسن کے بڑے مداح ہیں اور وہ اپنے رقص کے لیے کافی مشہور ہیں۔چندر شیکھرن نے بتایا کہ پتھر کے ایک ٹکڑے سے تقریبا ساڑھے تین ٹن وزنی اس مجسمے کو تیار کرنے میں چھ مجسمہ سازوں کو تقریبا 45 روز لگے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کام میں شامل مجمسہ ساز مستقل مائیکل جیکسن کے میوزک البم، ان کے رقص کے ویڈیوز اور فوٹو گراف دیکھتے رہے تاکہ ان کی شبیہہ کو اس میں اچھی طرح سے اتارا جا سکے۔