دنیا

جان کیری ہیروشیما کے تاریخی دورے پر

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے جاپان کے شہر ہیروشیما میں ’پیس میموریل پارک‘ اور میوزیم کا تاریخی دورہ کیا ہے۔

جان کیری پہلے امریکی اعلیٰ عہدیدار ہیں جنھوں نے جاپان کے شہر ہیروشیما یا اس مقام کا دورہ کیا ہے جو ایٹمی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد دلاتا ہے۔

انھوں نے ہیرو شیما میں یادگار پر پھول چڑھائے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

امریکی وزیر خارجہ نے ’بام ڈوم‘ کا بھی دورہ کیا۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں ایٹم بم پھٹا تھا۔ اس کے بعد وہ قریب ہی واقع ہیروشیما میوزیم گئے جو اس بمباری میں ہلاک ہونے والوں کی داستان بیان کرتا ہے۔

افغانستان سے واپسی پر جان کیری دنیا کی سات بڑی معاشی طاقتوں کے گروپ ’جی سیون‘ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے ہیروشیما پہنچے ہیں۔

یاد رہے کہ آج تک اپنے دور اقتدار میں کسی بھی امریکی صدر نے ہیروشیما کا دورہ نہیں کیا تھا۔ تاہم ایسی اطلاعات ہیں کہ آئندہ مئی میں امریکی صدر براک اوباما ’جی سیون‘کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے جاپان جائیں گے۔

اگر ایسا ہوا ہے تو وہ ہیروشیما کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی صدر بن جائیں گے۔

جی سیون کے وزرائے خارجہ جن امور پر تبادلہ خیال کریں گے ان میں دہشت گردی، مشرق وسطیٰ اور یورپ میں پناہ گزینوں کا بحران بھی شامل ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اجلاس میں جاپان ہیروشیما پر ایٹمی بم کے تباہ کن اثرات کی مناسبت سے دنیا میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں کمی کی بات پر بھی زور دے گا۔

واضح رہے کہ چھ اگست سنہ 1945 میں امریکی بمبار طیاروں نے یورنیئم بم جسے ’لٹل بوائے‘ کا نام دیا گیا جاپانی شہر ہیرشیما پر گرائے تھے۔

اس ایٹمی حملے کے نتیجے تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ جاپان کو اس لیے اہم سمجھا جا رہا ہے کہ اس دورے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہونے کا امکان ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close