شام کے شہر حلب میں لڑائی کے نتیجے میں ایرانی فورسز اور ملیشیاؤں کے 50 اہلکار ہلاک
ایران نے کہاہے کہ شام کے شہر حلب کے نواحی علاقوں میں گزشتہ دو روز میں لڑائی کے دوران مارے جانے والے ایرانیوں کی تعدادپانچ ہے تاہم شامی اپوزیشن نے ایرانی حکومت کی طرف سے دی گئی تعدادکوردکرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان لڑائیوں میں ایرانی فورسز اور اس کی ماتحت ملیشیاؤں کے 50 سے زیادہ ارکان مارے گئے ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی بری افواج کے سربراہ جنرل احمد رضا پوردستان نے ایران میں اسپیشل فورسز کے پانچ افسران (کمانڈوز) کی آخری رسومات کے دوران دعویٰ کیا کہ ایرانی زمینی افواج کے 65 ویں چھاتہ بردار بریگیڈ کے ارکان نے حلب میں گزشتہ چند روز کے اندر ہونے والی لڑائیوں کے دوران النصرہ محاذ کے 200 مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کردیا،دوسری جانب شامی ذرائع نے بتایا کہ بشار الاسد کی فضائیہ کے طیاروں نے حلب کے نواحی علاقے العیس میں غلطی سے اپنے ہی ساتھ مل کر لڑنے والی حلیف ملیشیاؤں کے گروپوں کو نشانہ بنا ڈالا۔ اس کے نتیجے میں ایرانی فورسز اور لبنانی حزب اللہ ملیشیا کے تقریبا 50 ارکان مارے گئے۔