دنیا

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری

انڈیا کی ریاست مغربی بنگال میں جاری اسمبلی انتخابات کے پانچویں اور اہم مرحلے کے لیے سنیچر کو ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

اس مرحلے میں ریاست کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور دیگر اہم رہنماؤں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے۔

ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی اور شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔

اس مرحلے میں کل 53 اسمبلی حلقوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جن میں 43 خواتین امیدوار سمیت کل 349 امیدوار ہیں۔

یہ انتخابات کولکتہ ساؤتھ، 24 پرگنہ اور ہوگلی اضلاع میں ہو رہے جن میں تقریبا سوا کروڑ لوگ ووٹ دینے کے اہل ہیں۔

ووٹنگ کے لیے 14,500ہزار پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق میڈیا کی نظریں کولکتہ ساؤتھ کے اسمبلی حلقے بھبانی پور پر ہیں جہاں سے وزیر اعلی ممتا بنرجی دوبارہ انتخاب لڑ رہی ہیں۔ ان کے خلاف کانگریس کی امیدوار دیپا منشی ہیں جنھیں بائیں بازو کے اتحاد کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ان کے علاوہ یہاں انڈیا کے معروف مجاہد آزادی نیتا جی سبھاش چندر بوس کی پڑپوتے چندرکمار بوس بی جے پی کے امیدوار ہیں۔

ممتا بنرجی کی پارٹی ترنامول کانگریس سے فرحاد حکیم، سبرت مکھرجی، سیون چيٹرجی اور اقبال احمد کی قسمت کا فیصلہ بھی آج ہونا ہے۔

اس مرحلے میں ترنامول اور بی جے پی تمام نشستوں پر انتخابات لڑ رہی ہے۔ کمیونسٹ اتحاد 37 جبکہ کانگریس 14 سیٹوں پر انتخابات لڑ رہی ہے۔

انتخابات انتہائي سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت ہو رہے ہیں اور اس کے لیے تقریبا 80 ہزار ریاستی اور مرکزی پولیس کو تعینات کیا گيا ہے۔

ریاست کی 294 سیٹوں میں سے 216 پر ووٹ ڈالے جا چکے ہیں، 53 سیٹوں پر آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جبکہ باقی 25 سیٹوں پر چھٹے اور آخری مرحلے میں پانچ مئی کو ووٹ ڈالے جائيں گے۔ ووٹوں کی گنتی 19 مئی کو ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close