سعودی اتحاد یمنیوں تک خوراک بھیجنے کیلئے راستہ دینے پہ رضامند
یمن: خوراک اور ادویات کی کمی کے باعث ہزاروں یمنی بچوں کی ہلاکتوں کے بعد سعودی اتحاد بھوکے یمنی عوام تک خوراک بھجوانے کیلئے راستہ دینے پہ رضامند ہوگیا ہے۔ سعودی اتحاد دارالحکومت صنعا کا ہوائی اڈہ اور الحدیدہ کی بندگارہ دوبارہ کھولنے پر رضا مند ہو گیا ہے۔ جنگ سے تباہ اس عرب ملک میں شہریوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے اور ان پہ بحری اور فضائی راستوں کے دوبارہ فعال ہونے سے لوگوں کو امدادی سامان پہنچایا جا سکے گا۔ امکان ہے کہ آج سے یہ راستے کھل سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ نے سعودی رضامندی کا خیر مقدم کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سے سعودی عرب نے یمن کی مکمل ناکہ بندی کرکے یکطرفہ فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا تھا جس کے باعث یمن میں ہزاروں بچے خوراک اور ادویات نہ ملنے کے باعث ایڑیاں رگڑ رگڑ کے مر گئے تھے، اس ناکہ بندی کے باعث دنیا کے سب سے بڑے قحط نے یمن میں جنم لے لیا تھا۔