بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے 6 ارکان کو موت کی سزا سنا دی گئی
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے جماعتِ اسلامی کے 6 ارکان کو 1971ء کی جنگ کے دوران جنگی جرائم کے مبینہ الزامات پر موت کی سزا سنا دی، ان افراد کو انٹرنیشنل کرائم ٹریبونل کے ایک تین رکنی پینل نے سزا سنائی۔ تفصیلات کے مطابق ان افراد کو انٹرنیشنل کرائم ٹریبونل کے ایک تین رکنی پینل نے سزا سنائی۔ اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی کے ابو صالح محمد عبدالعزیز بھی اس افراد میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان ملزمان کے خلاف تین الزامات تھے جن میں لوٹ مار، ضلع گائے بندھا کے موجامالی گاؤں میں ایک ہندو کے قتل، چھاتر لیگ (عوامی لیگ کی طلبہ جماعت) کے رہنما کے قتل اور پانچ یونینوں کے چیئرمین اور اراکین سمیت 13 افراد کا قتل شامل ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال بھی جماعت اسلامی کے امیر 72 سالہ مطیع الرحمان نظامی کو سنہ 1971ء کی جنگ کے دوران جنگی جرائم کے الزام میں پھانسی دے دی گئی تھی۔ اس موقع پر دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ڈھاکہ کی سینٹرل جیل کے باہر مطیع الرحمان نظامی کے حامیوں نے مظاہرہ بھی کیا تھا۔