سعودی عرب میں اسلامی فوجی اتحاد کے بعد اب اس کا فوجی سیٹ اپ قائم کرنے کا فیصلہ
ریاض: 41 اسلامی ممالک پر مشتمل فوجی اتحاد کے باقاعدہ قیام کے اعلان کے بعد اب اس کا فوجی سیٹ اپ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مذکورہ اتحاد کا سیٹ اپ بری، بحری اور فضائی افواج پر مشتمل ہوگا، اس اتحاد کا باقاعدہ فوجی سٹرکچر بھی قائم کیا جائے گا۔ اس سیٹ اپ کے قیام کیلئے جلد رکن اسلامی ممالک کے فوجی سربراہوں اور دیگر اہم حکومتی حکام کا اجلاس مشاورت سے طلب کیا جائے گا، اس اجلاس میں فوجی سیٹ اپ کے قیام کیلئے اہم حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ روزنامہ ایکسپریس کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں مختلف ممالک پر مشتمل اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کیلئے وزرائے دفاع کی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اس کے قیام کا باقاعدہ اعلان ہے، اس اتحاد کے قیام کا ایجنڈا طے ہونے کے بعد اب اس کا اگلا مرحلہ فوجی سیٹ اپکا قیام ہوگا۔
اس حوالے سے مذکورہ اتحاد میں شامل ارکان ممالک طے کریں گے کہ آیا وہ کس انداز میں فوجی سیٹ اپ کے قیام کیلئے مالی یا دفاعی سطح پر معاونت کریں گے، اس فوجی اتحاد کا سٹرکچر مکمل طور پر ”عام فوجی سیٹ اپ“ کے طرز پر قائم کیا جائے گا۔ اس اتحاد کا فوجی سیٹ اپ بری، بحری، فضائی، انٹیلی جنس اور دفاعی نظام پر مشتمل ہوگا۔ اس فوجی سیٹ اپ کے قیام کیلئے ارکان ممالک طے کریں گے کہ وہ اپنے کتنے حاضر سروس فوجی افسران اور جوانوں کی خدمات کو اس اتحاد کے سپرد کریں گے؟ اور آیا کہ مذکورہ اتحاد کے فوجی اڈے کن ارکان سلامی ممالک میں قائم ہوں گے؟