وزیراعظم کی سعودی فرماں روا کو خطے میں امن کیلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی
ریاض: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین سے ریاض کے شاہی محل میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور انٹر سروسز انٹیلی جنس ‘آئی ایس آئی’ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سعودی شاہ نے ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کیا جب کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور اتحاد میں شامل دیگر ممالک پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اسلامی فوجی اتحاد کی صورت میں اسلامی ممالک کے مشترکہ پلیٹ فارم کے لیے سعودی ولی عہد کی کوششوں اور لگن کی تعریف کی اور خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور ‘آئی ایس آئی’ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ریاض پہنچے تھے جبکہ دو روز قبل ریاض ہی میں اسلامی فوجی اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے دفاع کا افتتاحی اجلاس بھی منعقد ہوچکا ہے۔