پاکستان کے منفی رویہ کے باوجود پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کئے جائیں گے، سشما سوراج
نئی دلی: پاکستان کے منفی برتاؤ کو نظرانداز کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج انسانی بنیادوں پر علاج کے لئے ویزا کی نئی درخواستوں پر پاکستانی شہریوں کو ویزا جاری کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا اشارہ دیا۔ سرحد پار سے طبی ویزے کی درخواست دہندگان میں ایک نو عمر بچہ بھی شامل ہے، جس کی اوپن ہارٹ سرجری ہوگی۔ اپنی ایک ٹوئیٹ میں سشما سوراج نے کہا ’’ہاں، محمد شافع صرف تین سال کا بچہ ہے، ہم ہندوستان میں اوپن ہارٹ سرجری کے لئے ذریعہ اس کے علاج کے لئے ویزا جاری کریں گے‘‘۔ نو عمر بچے کے والد نے وزیر خارجہ سے طبی ویزا کی درخواست کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا ہے ’’میری درخواست ہے کہ براہ کرم میرے چھوٹے بیٹے محمد شافع صدیقی کی اوپن ہارٹ سرجری کے لئے طبی ویزا جاری کریں۔ میرے بیٹے کی اوپن ہارٹ سرجری کی تاریخ 20 دسمبر ہے۔ ہم نے ویزا کے لئے چھ دسمبر کو ہی درخواست دی ہے‘‘۔
بھارتی وزیر خارجہ نے دیگر دو پاکستانی مریضوں کی درخواستوں پر بھی جواب دیا ہے، اپنی ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ نو سالہ عبد الرحمان کو بون ٹرانسپلانٹ کے لئے ویزا دیا جائے گا۔ پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن کی طرف سے انہیں ویزا جاری کیا جائے گا۔ اس سے قبل منکل کے روز بھی سشما سوراج نے چار پاکستانی شہریوں کو طبی ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتہ پاکستان نے ہندوستان پر انسانی معاملات کو بھی سیاست کا رنگ دینے کا الزام لگایا تھا۔