دنیا

یونانی پارلیمان نے ٹیکس اور پینشن اصلاحات منظور کر لیں

یونان کی پارلیمان نے پیر کو یورو زون کے وزرائے خزانہ کے اہم اجلاس سے قبل ٹیکس اور پینشن کے بارے متنازع اصلاحاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

اس اصلاحاتی پیکچ کی منظوری سے یونان کو مزید عالمی امداد کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی۔

قرض خواہوں کے ساتھ مزید اصلاحات کی ضرورت پر ہونے والے تنازع کے بعد یونان پانچ ارب یورو کی قسط حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔

اس پیکج کی منظوری کے موقع پر دارالحکومت ایتھنز میں پارلیمان کے باہر مشتعل ہجوم نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

یونان کے وزیرِ اعظم الیکسس تسیپراس کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد ایک ’ٹھوس نظام‘ کا قیام ہے جس کا بنیادی مقصد سماجی سطح پر انصاف ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے نتیجے میں صرف ساڑھے سات فیصد پینشنر ایسے ہوں گے جنھیں ملنے والی رقم میں کمی آئے گی۔

ان اقدامات میں بعض پینشن کی ادائیگیوں میں کمی، کئی پینشن فنڈز کو ضم کرنا، سوشل سکیورٹی کے حصے میں اضافہ اور زیادہ یا درمیانی آمدن والوں کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ شامل ہیں۔

گذشتہ سال یونان انتہائی سخت شرائط کے ساتھ 86 ارب یورو کے نئے قرض کے معاہدے کے لیے تیار ہو گیا تھا۔

عالمی مالیاتی فنڈ یعنی آئی ایم ایف اور دیگر یورپی ممالک یونان سے مزید خرچ میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ وہ چار ارب یوروز کی اضافی بچت کر سکے۔

وزیراعظم تسیپراس کا یہ بھی کہنا تھا کہ یورو زون کے وزرائے خزانہ کا اجلاس یونان کے لیے ’انتہائی اہم دن‘ ہے کیونکہ چھ سال تک کفایت شعاری پر بات چیت کے بعد یونان کو قرضوں کے معاملے میں ریلیف دینے کا معاملہ اس کے کے ایجنڈے پر ہے۔

خیال رہے کہ يورو زون میں نئے بحران کے خطرے کے پیش نظر یورپی یونین کے وزرائے خزانہ پیر کو برسلز میں مل رہے ہیں۔

ایک بیان کے مطابق اس اجلاس میں ’پالیسی اصلاحات کے جامع پیکج کے ساتھ ساتھ یونان کے سرکاری قرض‘ کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

ٹیکس اور پینشن کی اصلاحات کی منظوری کے بعد ایتھنز میں ہزاروں افراد نے مظاہرے کیے جن میں سے زیادہ تر پر امن رہے۔

لیبر یونین نے مجوزہ اقدامات کے خلاف بطور احتجاج ہڑتال کی کال بھی دی تھی۔

تین روزہ عام ہڑتال کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ مفلوج اور سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ذرائع ابلاغ سست روی کا شکار رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close