دنیا

مقبوضہ بیت المقدس پر امریکی فیصلے کیخلاف دنیا بھر میں مظاہرے

غزہ: مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کے خلاف دنیا بھر میں مسلمانوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیے ہیں جس میں فیصلے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی اپیل پر ملک بھر میں امریکی فیصلے کے خلاف یومِ غضب منایا جارہا ہے، غزہ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں اور احتجاجی مظاہرین پر صیہونی فوج کے تشدد اور فائرنگ کے نتیجے میں 31 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اہلِ فلسطین امریکی اعلان کے ردعمل میں آج دوسرے روز بھی سراپا احتجاج ہیں جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں مکمل ہڑتال  ہے اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جب کہ خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین سڑکوں پر امریکی صدر کی تصاویر اور جھنڈے جلارہے ہیں۔

امریکا، برطانیہ، یورپی اور ایشیائی ممالک سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں جب کہ مظاہرین کی جانب سے امریکی اقدام کے خلاف شدید نعرے بازی کے ساتھ ساتھ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

ادھر پاکستان بھر میں بھی مذہبی جماعتوں،فلسطین فاؤنڈیشن اور دیگر سماجی  تنظیموں کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد امریکی فیصلے کیخلاف احتجاج کیا گیا جب کہ علماء کرام نے خطبہ جمعہ کے دوران مقبوضہ بیت المقدس کی تاریخی اور اسلامی حیثیت کو اجاگر کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close