سعودی بن لادن گروپ کے پریشان حال ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی
سعودی بن لادن گروپ کے دس ہزار ملازمین کو رواں ماہ کے آخرتک التواءکا شکار تنخواہیں اداکردی جائیں گی جس کی تصدیق مکہ میں وزارت لیبر اینڈ سوشل ڈیویلپمنٹ کے ڈائریکٹر عبداللہ العلایان نے بھی کردی۔
سعودی گزٹ کے مطابق عبداللہ العلایان کاکہناتھاکہ کمپنی نے 15000سے زائد ملازمین کے اقامہ کی دوسری کمپنیوں کو منتقلی کیلئے رسمی کارروائی مکمل کرلی تاکہ وہ دوسری کمپنیوں میں ملازمت شروع کرسکیں۔اُنہوں نے بتایاکہ کمپنی کے حکام پر عائد سفری پابندیاں اٹھالی گئی ہیں لیکن تمام ملازمین کی واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی تک کمپوٹرسروسز بلاک ہیں تاہم کارکنان کے اقامہ کی تجدید کے لیے کمپنی کے بینک اکاﺅنٹس منجمد نہیں کیے گئے ۔اُنہوں نے مزید بتایاکہ نئی بھرتیاں، ورک ویزے کا اجراء، کام کی نوعیت کی تبدیلی اور دیگرسروسز تاحال معطل ہیں ۔
علایان نے واجب الاداتنخواہوں کا مطالبہ کرنیوالے سٹاف کوہدایت کی کہ وہ جدہ میں ضلع المروہ کے حرا سٹریٹ میں موجود کمیشن آفس میں اپنی شکایت درج کرائیں ۔اُنہوں نے وعدہ کیاکہ جو کمپنیاں بن لادن کمپنی سے نکالے جانیوالے ملازمین کو نوکری دیناچاہیں تو ان کے اقامہ کی منتقلی 24گھنٹوں کے اندر کی جائے گی ۔ اُنہوں نے قومی تعمیراتی کمپنیوں کوہدایت کی کہ بن لادن کمپنی کے تجربہ کار کارکنان سے استفسادہ کریں۔
تازہ اعدادوشمار کے مطابق کمپنی نے 69000کارکنان کو ادائیگیاں کردیں جس کے بعد 34207اپنے ممالک واپس چلے گئے ، 15834ملازمین نے اپنے اقامے دیگر کفیلوں کو منتقل کردیئے جبکہ 7754افراد کو فائنل ایگزٹ ویزاجاری کردیاگیالیکن تاحال ریاست میں موجود ہیں ۔