ایران کیجانب سے تمام فلسطینی مزاحمتی فورسز کی بھرپور حمایت کا سلسلہ جاری رہیگا، جنرل قاسم سلیمانی
تہران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے حماس تنظیم کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد موومنٹ کے کمانڈروں کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو کرتے ہوئے ایران کی جانب سے تمام فلسطینی اسلامی مزاحمتی گروہوں کی بھرپور حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس موقع پر جنرل سلیمانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے تمام فلسطینی مزاحمتی فورسز کی حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں موجود دیگر مزاحمتی فرنٹ فورس بھی القدس شریف کے تحفظ اور دفاع کے لئے آمادہ ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی مخالفت کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ القدس شریف مسلمانوں کا قبلہ اول اور فلسطینی سرزمین سے الگ نہ ہونے والا حصہ ہے، جس کو مسلمانوں اور پورے عالم اسلام کے درمیان اہم حیثیت حاصل ہے۔ یقیناً قدس شریف اسلامی ملک فلسطین کا حقیقی اور اصلی دارالحکومت ہے اور امریکہ منفی اقدامات اور بحرانوں سے اس حقیقت کو نظرانداز نہیں کرسکتا۔