نوازشریف اور شہبازشریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان ویوز کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد سے ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی جس میں اہم امور پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات کامیاب رہی اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
ملاقات کے بعد نوازشریف مدینہ منورہ روانہ ہوئے جس کیلئے شہزادہ محمد بن سلمان نے انہیں اپنا خصوصی طیارہ فراہم کیا۔ مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے بعد جدہ پہنچے اور پھر عمرے کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف عمرے کے آج شام وطن واپس روانہ ہو جائیں گے اور رات تک اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔ ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی وطن واپسی کا شیڈول سامنے نہیں آسکا۔
علاوہ ازیں سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نواز شریف نے سعودی شہزادے محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد مدینہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی اور عمرہ ادا کرنے کے بعد آج رات پاکستان واپس آجائیں گے۔