دنیا

کابل، داعش کے خودکش حملے میں 15 افراد ہلاک، 20 سے زائد زخمی

کابل: افغان دارالحکومت کابل میں خود کش حملے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کے قریب اس وقت دھماکا ہوا جب فورسز کی جانب سے علاقے میں منشیات کے خلاف آپریشن کیا جارہا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور بمبار نے خود کو فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑایا جب کہ جائے وقوعہ پر موجود اہلکاروں نے بھی دھماکے کو خودکش قرار دیا ہے۔

دھماکے کے بعد فوری طور پر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں و لاشوں کو سٹی اسپتال منتقل کردیا۔

دوسری جانب وزارت صحت کے ترجمان واحد مجروح نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔

ادھر داعش نے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ حملے میں 80 کے قریب اہلکار ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close