دنیا

پاکستان کی مدد کے بغیرامریکا افغانستان میں بے بس ہے، رچرڈاولسن

نیویارک سٹی: پاکستان میں تعینات سابق امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کو بےعزت کرنے کی پالیسی کارگر ثابت نہیں ہوگی جب کہ پاکستان کی مدد کے بغیر امریکا افغانستان میں بے بس ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمزمیں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں پاکستان میں تعینات سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون روکنا غلط اقدام ہے کیوں کہ پاکستان کے تعاون کے بغیر افغانستان میں امریکی فوج ساحل پر پڑی وہیل کی طرح ہوگی اور ایسے میں افغانستان میں امریکی فوج کے لئے خطرات برقرار رہیں گے۔رچرڈ اولسن نے ٹرمپ کے غیرذمہ دارانہ فیصلے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جارحانہ حکمت عملی زیادہ عرصہ نہیں چل سکے گی اور پاکستان کو بےعزت کرنے کی پالیسی کارگرثابت نہیں ہوگی جب کہ بہتر حکمت عملی کا تقاضہ ہے کہ امریکا اپنا مؤقف براہ راست اعلیٰ سطح یا پرائیویٹ طریقے سے پاکستانی حکام تک پہنچائے، ایک ٹوئٹ کے ذریعے پیغام دینا یا امداد بند کردینے سے مستقبل میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔
سابق امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں پاکستان کا امریکی فیصلے پر اس طرح کا ردعمل یقینی تھا جب کہ امریکا کو افغان مسئلے کا حل صرف سیاسی طریقے سے تلاش کرنا چاہیے اور پاکستان کا جواب یہی ہوگا کہ طالبان سے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے۔واضح رہے کہ رچرڈ اولسن 2012 سے 2015 تک پاکستان میں بحیثیت امریکی سفیر خدمات انجام دیتے رہے جب کہ 2015 اور 2016 کے دوران انہوں نے پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکا کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے بھی کام کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close