پاکستان اور بھارت میں گرمی کی شدید لہر جاری
پاکستان اور بھارت کے کئی علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ بھارتی محکمۂ موسمیات کے مطابق ریاست راجھستان کے ایک شہر میں گرمی پڑنے کا قومی ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
حکام کے مطابق راجھستان کے شہر پھلودی میں درجہ حرارت 51 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ ملک میں جب سے موسم کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے سب سے زیادہ ہے۔
اس سے پہلے ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ 1956 میں قائم ہوا تھا جب درجہ حرات 50.6 تک پہنچ گیا تھا۔
بھارت کے شمالی علاقوں میں گذشتہ کئی ہفتوں سے درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے زیادہ ہے لیکن 50 سینٹی گریڈ سے اوپر جانا ایک غیر معمول بات ہے اور یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ بھارت کی ریاستوں تلنگانا اور آندھرا پردیش میں اپریل میں ہی درجہ حرارت اس سطح پر پہنچ گیا تھا جو عام طور پر جون کے وسط میں ہوتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی گرمی کی غیر معمولی لہر جاری ہے۔
پاکستان کے محکمۂ موسمیات کے ماہر ڈاکٹر محمد حنیف نےات کرتے ہوئے کہا کہ مئی، جون میں جب پاکستان میں گرمی کی لہر آتی ہے تو اس کا اوسطً دورانیہ زیادہ سے زیادہ پانچ دن ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گرمی کی حالیہ لہر پانچ دن سے جاری ہے اور مزید دو دن تک جاری رہے گی جس سے یہ صورتحال غیر معمولی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں یہ لہر مزید دو دن تک جاری رہے گی جبکہ بالائی پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مزید ایک دن تک گرمی کی شدت رہے گی جس کے بعد اتوار کو آندھی آنے سے گرمی میں کمی آئے گی جبکہ سندھ اور پنجاب کے جنوبی علاقوں میں دو دن بعد موسم میں اسی طرح تبدیلی آئے گی
ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق بالائی سندھ، جنوبی پنجاب اور اس سے ملحق بلوچستان کے علاقوں میں گذشتہ تین دن سے درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ کے قریب ہے۔
انھوں نے شدید گرمی کی طویل دورانیے کے بارے میں بتایا کہ بھارتی کی مشرقی ساحلی پٹی میں سمندری طوفان اس کی وجہ ہے۔
ڈاکٹر حنیف کے مطابق اس وقت سمندری طوفان نے بھارت کی مشرقی ساحلی پٹی سے ٹکرایا ہے اور آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں بنگلہ دیش کی ساحلی پٹی سے ٹکرائے گا۔
انھوں نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے اس وقت سمندر سے ٹھنڈی ہوائیں نہیں آ رہی ہیں جس کے نتیجے میں بھارت کے مغربی علاقوں اور پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرمی کی غیر معمولی لہر جاری ہے۔
ڈاکٹر حنیف نے مزید بتایا کہ دو دن بعد نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں راجھستان سمیت متعدد علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔