دنیا

سلامتی کونسل میں پاکستان اور امریکی مندوبین کے درمیان لفظی جنگ

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستان اور امریکا کے مندوبین کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورت حال پر ایک خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کے درمیان تعلقات اور رابطوں کے متعلق معاملات زیر غور آئے۔

اجلاس کے دوران پاکستانی اور امریکی حکام کے درمیان اس وقت تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا جب امریکی نائب وزیر خارجہ جان سلیوان نے کہا کہ اب امریکا پاکستان کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا کیونکہ اُس نے دہشت گرد تنظیموں کے ارکان کو پناہ دے رکھی ہے۔ پاکستان کو افغان تنازعے کے حل کی کوششوں میں بھرپور طریقے سے شریک ہونا چاہیے۔ افغان سکیورٹی فورسز کا طالبان کے لیے واضح پیغام یہ ہے کہ اس تنازعے کا حل صرف اور صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے اور وہ کسی صورت بھی مسلح کارروائیوں سے جنگ نہیں جیت سکتے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ کے اس موقف کے جواب میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ گزشتہ 17 برس سے جاری افغان تنازع نے واضح کردیا ہے کہ جنگی حالات کے ساتھ نہ تو افغان حکومت کو کامیابی حاصل ہو سکتی ہے اور نہ ہی طالبان فتح یاب ہو سکتے ہیں۔ سفارتی مکالمت کے ساتھ ساتھ جنگی کارروائیوں کی حکمت عملی صرف اور صرف تشدد میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ صرف لفاظی سے معاملات حل نہیں ہوتے اور اس کے لیے مؤثر اور عملی بات چیت کی بھی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے مزید کہا کہ افغانستان اور اُس کے اتحادیوں، خاص طور پر امریکا اس تنازعے کا الزام کسی اور کے سر دھرنے سے پہلے افغانستان کے اندرونی چیلنجز پر توجہ دے۔ وہ جو تصور کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہیں افغانستان سے باہر قائم ہیں، ان کا حقیقت سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close