پوپ فرانسس آئندہ ہفتے جامعۃ الازہر کے امام سے ملاقات کریں گے
پوپ فرانسس پیر کے روز ویٹیکن میں مسلمانوں کے روحانی پیشوا اور جامعۃ الازہر کے امام اعظم شیخ احمد الطیب سے ملاقات کریں گے.
تفصیلات کے مطابق فادر فریڈریکو کا کہنا تھا کہ قاہرہ کے جامعۃ الازہرکے امام اور سنی مسلمانوں کے روحانی پیشوا امام اعظم شیخ احمد الطیب عیسائی مذہب کے رہنما کے ساتھ سامعین سے مخاطب ہوں گے.
یہ دورہ دونوں عقائد کے درمیان خوشگوار تعلقات کی بحالی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا،جوکہ 2006 میں پوپ بینیڈکٹ کی تقریر کے بعد کشیدہ ہوگئے تھے،انہوں نے اپنی تقریر میں اسلام کو پر تشدد مذہب کے طور پر بیان کیا تھا.
پوپ بینیڈکٹ کے بیان کےبعد دونوں طرف صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی،جبکہ 2009 میں مذاکرات دوبارہ شروع کیے گئے تھے جو جامعۃ الازہر نے 2011 میں ایک بار پھر معطل کردیے تھے،مصر میں چرچ پر حملے کے بعد پوپ بینیڈکٹ کی جانب سے عسیائی اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کہا گیا تھا جسے مصر کی جانب سے ان کے اندورنی معاملات میں مداخلت سمجھا گیا تھا.
واضح رہے کہ پوپ فرانسس کے 2013 میں عیسائی مذہب کے پیشوا بننے کے بعد مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے اور دونوں عقائد کے ماننے والے ایک دوسرے کے ساتھ امن ومحبت کے ساتھ رہنے کے خواہاں ہیں