ایرانی رہنماؤں کے لیے نریندر مودی کے تحائف
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ایران کے دورے میں جہاں باہمی تعلقات اور تجارت کے فروغ کے لیے معاہدے کیے وہیں انھوں نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات پر بھی زور دیا۔
اپنے اس سفر کے دوران وزیراعظم مودی نے ایرانی رہنماؤں کو کئی نادر تحائف پیش کیے۔
اس سفر کے دوران انھوں نے ’کلیلہ و دمنہ‘ کے ایک نادر نسخے کی رونمائی بھی کی۔
نریندر مودی نے اپنے ٹویٹ پر رونمائی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ہندوستان اور ایران کے قدیمی تاریخی تعلقات کا مظہر ہے۔‘
اس کہانی کے مجموعے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں ہندوستان کی اساطیری کہانیاں ہیں جو پنچ تنتر کے نام سے جانی جاتی ہیں۔
اپنے دو روزہ دورے میں نریندر مودی نے ایران کے روحانی رہنما آیت اللہ خامنہ اي کو قرآن کے ایک نایاب نسخے کی کاپی تحفے میں دی جبکہ صدر روحانی کو غالب کے فارسی کلام کا ایک نسخہ پیش کیا۔
خامنہ ای کو پیش کیے جانے والے اس قرآن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ حضرت علی کے ہاتھوں کا تحریر کردہ ہے۔
7ویں صدی کا یہ قرآن خط کوفی میں ہے اور انڈیا کی معروف رضا لائبریری رام پور میں موجود ہے۔ تحفے کے لیے اس کی خاص کاپی تیار کی گئی تھی۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ٹويٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی نے ایرانی صدر حسن روحانی کو اردو کے معروف شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کے فارسی کلام کا ایک نسخہ پیش کیا۔
’کلیات فارسی غالب‘ یہ کاپی خصوصی طور پر تیار کی گئی تھی۔
سنہ 1863 میں شائع ہونے والی غالب کی اس فارسی کلیات میں مجموعی طور پر 11 ہزار اشعار ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق اس نسخے میں چند اوراق مولانا ابوالکلام آزاد کے ذاتی کلیکشن میں موجود سنہ 1872 کے ایک نسخے سے شامل کیے گئے جو کہ انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز کی لائبریری میں تھے۔
اس کے علاوہ نریندر مودی کی جانب سے صدر روحانی کو سمیر چند کی فارسی میں ترجمہ شدہ ’رامائن‘ کی کاپی بھی پیش کی گئی جس کا فارسی ترجمہ سنہ 1715 میں کیا گیا تھا۔
یہ ترجمہ بھی رام پور رضا لائبریری میں ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم مودی نے امریکی صدر براک اوباما کو ہندؤں کی مقدس کتاب ’گیتا‘ کی ایک کاپی پیش کی تھی جبکہ اپنے جاپان دورے میں جاپانی شاہ اكیہیتو اور وزیراعظم شنزو ابے کو بھی گیتا تحفے میں پیش کی تھی۔