دنیا

ہواوے کی سام سنگ کے خلاف قانونی چارہ جوئی

ٹیکنالوجی کی معروف چینی کمپنی ہواوے اپنی مقابل جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ پر اپنے پیٹنٹ کی خلاف ورزی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر رہی ہے

ہواوے نے کہا کہ وہ جنوبی کوریا کی اپنی حریف کمپنی کو کیلیفورنیا اور شن زن کی دو عدالتوں میں کھینچنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

چینی کمپنی کا کہنا ہے کہ سیلولر مواصلات اور سافٹ ویئر کی کئی ایجادات کو سام سنگ نے بغیر اس کی اجازت کے استعمال کیاہے۔

سام سنگ کی جانب سے اس تنازعے پر کوئی رد عمل نہیں آیا ہے۔

بہر حال چینی کمپنی نے یہ نہیں بتایا ہے کہ ان کے کس مخصوص پیٹنٹ کی خلاف ورزی ہوئی ہے تاہم اس نے اتنا ضرور بتایا ہے کہ ان میں سے بعض ’فرانڈ‘ کے درجے میں آتے ہیں جو کہ ’فیئر ریزنیبل اینڈ نان ڈسکریمینیٹری‘ کا مخفف ہے۔

اس طرح کے معاہدے ٹکنالوجی کے شعبے میں عام ہیں کیونکہ اس سے مختلف کمپنیوں کی مصنوعات کے درمیان انسلاک اور ایک دوسرے کے مواد کے اشتراک اور لین دین میں سہولت ہوتی ہے۔

ہواوے میں تخلیقی املاک کے سربراہ ڈنگ جیانشنگ نے کہا کہ وہ اس کے بدلے میں رقم کے بجائے سام سنگ کی ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی اجازت چاہتے ہیں۔

جیانشنگ نے کہا: ’ابھی تک ہم نے اپنی مقابل درجن بھر کمپنیوں کے ساتھ ایک دوسرے کے پیٹنٹ استعمال کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

’ہمیں امید ہے کہ سام سنگ ہواوے کے تحقیق و فروغ میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور پیٹنٹ (جملہ حقوق محفوظ) کا احترام کرے گا اور ہمارے پیٹنٹ کا غلط استعمال بند کرے اور ہواوے سے ضروری لائسنس حاصل کرے اور ساتھ مل کر اس شعبے کو آگے لے جائے۔‘

کمپنیوں کے درمیان پیٹنٹ کی لڑائی کوئی نئی بات نہیں اور ابھی اوراکل اور گوگل امریکہ کی ایک عدالت سے اسی طرح کے ایک مقدمے کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔

تاہم ایپل اور سام سنگ کی سنہ 2011 کی جنگ کے بعد سے اس طرح کے واقعے میں کمی آئی تھی کیونکہ دونوں کمپنیوں کو اپنے کام کے خفیہ طریقوں کو ظاہر کرنا پڑا تھا۔

ایک ماہر کا کہنا ہے کہ صرف مقدمے کے درج ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ہواوے اور سام سنگ قانونی جنگ میں اتریں گے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close