نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا حکومتی عزم
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت انسانی سرمایے کو ترقی اور پیداوار میں تبدیل کرنے کے لیے نوجوان نسل کو بااختیار بنا رہی ہے اور انھیں تجارت کے آغاز کے لیے قرضے اور ملازمتیں فراہم کررہی ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کانگریس سینٹر میں نیدر لینڈ (ہالینڈ) کی ملکہ مکسیما سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت نوجوان نسل کو تعلیم، اقتصادی وسائل اور روزگار کے مواقع تک زیادہ رسائی دے رہی ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں برابر کے شراکت دار بن سکیں۔
ملکہ مکسیما کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے دورے کی منتظر ہیں، جو ان کے ملک کی جانب سے پہلا دورہ ہوگا۔
‘میں نے یہ سن رکھا ہے کہ یہ ایک حیرت انگیز ملک ہے، میں خواتین کے حوالے سے موجود مسائل پر پاکستان سے تعلق رکھنا چاہتی ہوں’.
ملکہ کا کہنا تھا کہ انھیں اس بات پر قائل کرلیا گیا ہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل کو چھوٹے اور درمیانی انٹرپرائزز کی ملکیت کے فریم ورک کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں ایسے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں، جن کے پاکستان کے لیے مثبت جذبات ہیں.
ملکہ نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پاکستان میں نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وہ ان مسائل پر تمام سطحوں پر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کی توجہ چھوٹی اور درمیانی انٹرپرائزز پر ہے.
انھوں نے کہا کہ سماجی ترتیب کے حوالوں سے 300 فیصد اضافہ اور پبلک سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب ورلڈ اکنامک فورم کے چیئرمین پروفیسر کلاوس نے بھی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کو سراہا۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں 2013 سے مثبت تبدیلیاں آئیں ہیں۔ پروفیسر کا کہنا تھا ‘مجھے یہ کہنا چاہیے کہ آپ کا ملک ایک بہت اچھا کام کر رہا ہے’۔
انھوں نے مزید کہا کہ ‘2013 میں کوئی اُمید نہیں تھی، لیکن ہم نے اب تاجر کمیونٹی اور دنیا سے سنا ہے کہ پاکستان میں متعدد تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں’۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے ملک کے توانائی، ٹیلی کام اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی نشاندہی کی۔