وینزویلا میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 11 ہلاک
لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا میں حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے تین نوجوانوں اور ایک کولمبین شہری سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق سنیچر کو ریاست ٹرجیلو میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرنے سے پہلے ان افراد کو ان کے گھروں سے باہر نکلنے کا حکم دیا تھا۔
اس کارروائی کے بعد حملہ آور گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر فرار ہوگئے۔
غیرسرکاری تنظیموں کا کہنا ہے کہ تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کے سبب وینزویلا میں جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے۔
گذشتہ سال وینزویلن آبزرویٹری آف وائلنس نامی تنظیم نے اپنی سنہ 2014 کے بارے میں رپورٹ میں کہا تھا کہ پرتشدد واقعات میں 24,980 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس شرح کے مطابق ایک لاکھ افراد میں سے 82 افراد قتل ہوئے، جبکہ سنہ 2013 میں یہ شرح 79 افراد فی ایک لاکھ افراد تھی۔
غیرسرکاری تنظیموں کے مطابق یہ اعدادوشمار کسی جنگ زدہ ملک کے برابر ہیں۔
تاہم حکومت کے اعدادوشمار اس سے کہیں مختلف ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ پرتشدد واقعات سے متاثر ہونے والوں کی تعداد کہیں کم ہے۔