بلاول بھٹو کا اپنی والدہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت
لندن: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ بے نظیر بھٹو نے یہ ثابت کیا ہے کہ خواتین یقیناً تمام کام کرسکتی ہیں۔ برطانوی جریدے دی گارجین کے لئے لکھے گئے ایک مضمون میں بلاول نے اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو سے متعلق ماضی کی یادیں تازہ کیں۔ بلاول بھٹو نے لکھا کہ بے نظیر بھٹو نے جس سال وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا، اُسی سال وہ ماں بھی بنیں اور اُسی سال کتاب بھی تحریر کی جو بیسٹ سیلر بنی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابیاں ان کے مخالفین کو ہضم نہ ہوئیں کیونکہ وہ ایک خاتون تھیں۔ بلاول کے مطابق سب سے زیادہ مشکل وقت وہ تھا جب بے نظیر بھٹو اُمید سے تھیں اور اُن کی وزارت عظمی کو اسی وجہ سے چیلنج کردیا گیا اور انہیں منصب سے ہٹانے کے مطالبات کئے جانے لگے۔ بلاول بھٹو نے لکھا کہ اُن کی والدہ نے یہ باتیں خندہ پیشانی سے برداشت کیں، بختاور کو جنم دیا اور اگلے دن سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے پہنچ گئیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق ان کی والدہ نے اپنی زندگی اور جرات سے یہ بات ثابت کی کہ خواتین یقیناً تمام کام کرسکتی ہیں۔ بلاول نے مزید لکھا کہ تاریخ مخالفت کرنے والے تمام سیاسی بونوں کو بھلادے گی لیکن بے نظیر بھٹو کو عالمی آئیکون کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی۔ واضح رہے کہ 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کے بعد روانگی کے وقت خودکش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو جاں بحق ہوگئی تھیں۔