ممبئی پونے ایکسپریس وے حادثے میں 17 افراد ہلاک
انڈیا کے معروف شہر ممبئی میں پونے ایکسپریس وے پر اتوار کی صبح پنویل کے قریب ہونے والے ایک حادثے میں 17 لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں چھ ماہ کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔
اس حادثے میں 33 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اور انھیں نوی یعنی نئی ممبئی کے ایم جی ایم ہسپتال میں داخل کرايا گیا ہے۔
حادثہ اتوار کی صبح تقریباً تین بجے صبح پنویل کے پاس ہوا۔
ممبئی پولیس کنٹرول روم کے مطابق پونے سے ممبئی کی جانب آنے والی ایک مارتي سوفٹ کار کا ٹائر پنویل کے قریب پنکچر ہو گیا تھا. اس کار کے مسافروں کی مدد کے لیے پیچھے سے آنے والی ایک انووا کار وہاں رکی۔
جب یہ لوگ سوئفٹ کار کا ٹائر تبدیل کر رہے تھے تو ستارا سے ممبئی جانے والی ایک پرائیوٹ لگژری بس نے دونوں کاروں کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔
اس تصادم کے بعد بس اور انووا ایک 20 فٹ گہری کھائی میں جا گريں۔
حادثے میں ایک چھ ماہ کے بچے، دس خواتین اور چھ مردوں سمیت 17 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 33 دیگر مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی نوی ممبئی پولیس اور ہائی وے پولیس کی ٹیمیں ایمبولینسوں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچیں اور فوری طور پر امدادی کام شروع کیا۔
نوی ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ایک جائزے کے مطابق انڈیا میں سڑک حادثے میں سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں اور اس کی وجہ ٹریفک اصولوں کی پروا نہ کرنا، سڑکوں کا خراب ہونا اور حد سے زیادہ تیز گاڑی چلانا وغیرہ شامل ہیں