امریکہ نے دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر انقرہ میں سفارتخانہ بند کردیا، ترکی نے بھی بیان جاری کردیا
انقرہ: امریکا نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ترکی میں سفارت خانہ بند کرکے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں واقع امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر سفارت خانہ ایک روز کے لئے بند رہے گا اور تمام ویزہ انٹرویو اور معمول کی دیگر مصروفیات معطل رہیں گی تاہم صرف ہنگامی سہولتیں ہی فراہم کی جائیں گی جب کہ سفارت خانہ دوبارہ کھلنے اور سفارتی خدمات کی بحالی سے متعلق اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بیان میں امریکی سفارت خانے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ امریکی شہری معروف سیاحتی مراکز اور پرہجوم مقامات پر اپنی سکیورٹی سے متعلق محتاط رہیں اور سفارت خانے کی عمارت کے نزدیک آنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب انقرہ کے گورنر ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بعض امریکی ذرائع سے ملنے والی خفیہ اطلاعات کے مطابق امریکی سفارت خانے یا ان مقامات پر دہشت گرد حملے کا خدشہ ہے جہاں امریکی شہری قیام پذیر ہوں تاہم اطلاعات کے بعد ترک حکومت کی جانب سے امریکی شہریوں اور سفارت خانے کے تحفظ کے لئے سیکیورٹی انتہائی سخت اور نفری میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔