دنیا

مسلمان جج انصاف نہیں کرسکتا: ٹرمپ

نیویارک: امریکا میں صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن پارٹی کی جانب سے ممکنہ امیدوار اور ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایک مسلمان جج ان سے انصاف نہیں کرسکتا۔

امریکی ٹی وی سی بی ایس کے شو "فیس دا نیشن” میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر کسی مسلمان جج کو ان کے مقدمات کی سماعت کا موقع ملے تو وہ ان کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کرے گا۔

شو کے میزبان جان ڈکرسن نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا آپ کو ایسا اس لیے لگتا ہے کہ آپ نے اپنی صدارتی مہم میں مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر عارضی پابندی کا متنازع بیان دیا تھا؟

اس پر ٹرمپ نے جواب میں کہا کہ "جی ہاں، بالکل ایسا ممکن ہے”۔

میزبان نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا ہے کہ امریکا میں یہ روایت ہے کہ ہم لوگوں کو ان کے رنگ، نسل اور پس منظر کی بنیاد پر نہیں جانچتے؟ اس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ "میں روایت کی بات نہیں کررہا، میں عام سمجھ یعنی "کامن سینس” کی بات کررہا ہوں،سمجھے؟ یہ ایک ایسا شخص ہے جو اپنے ورثے پر فخر کرتا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ اچھی بات ہے کہ اسے اپنے ورثے پر فخر ہے۔”

نیویارک سے تعلق رکھنے والے بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج گونزالو کوریئل کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہیں۔

ٹرمپ نے کہا تھا کہ کوریئل کا میکسیکن ورثہ انہیں بنچ میں بیٹھ کر ان کے ساتھ انصاف کرنے سے روکتا ہے۔

یاد رہے کہ گونزالو کوریئل ٹرمپ یونیورسٹی کے حوالے سے مقدمے کی سماعت کررہے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ "گونزالو کوریئل کسی کلب یا سوسائٹی کے رکن ہیں، وہ میکسیکو کے مضبوط حامی ہیں، یہ سب کچھ ٹھیک ہے لیکن پھر بھی میں کہہ رہا ہوں کہ وہ غیر جانبدار ہوگئے ہیں۔ میں امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنا چاہتا ہوں اور میں واقعی ایسا کرنے جارہا ہوں۔ میرا ذاتی خیال یہ ہے کہ میں لاطینیوں، ہسپانویوں اور میکسیکو کے باشندوں کے ساتھ نہایت اچھا برتاؤ کررہا ہوں۔”

جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے وکلاء کو ہدایت دیں گے کہ وہ جج کوریئل کو ان کے مقدمے سے علیحدہ کرنے کی درخواست دیں تو ٹرمپ نے کہا: ‘ہوسکتا ہے کہ میں اب ایسا کروں، ہمارے سامنے ایسی باتیں آرہی ہیں جن کا پہلے ہمیں علم نہیں تھا۔ میزبان نے استفسار کیا کہ آپ ایسا کوریئل کے میکسیکن ورثے کی وجہ سے کرینگے؟ اس پر ٹرمپ نے کہا کہ جی نہیں، اس کی دیگر وجوہات بھی ہیں۔’

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close