دنیا

ہلیری کلنٹن نے ’ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کر لی

اے پی کے مطابق سابق امریکی وزیرِ خارجہ برنی سینڈرز سے 30 لاکھ ووٹوں سے آگے ہیں اور انھیں 291 مندوبین کے علاوہ 523 سپر ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہے۔

ہلیری کلنٹن امریکہ کی اہم سیاسی جماعت کی پہلی خاتون امیدوار بن جائیں گی۔

دوسری جانب ورمونٹ سے تعلق رکھنے والےسینیٹر برنی سینڈرز نے جولائی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے کنوینشن تک پارٹی کی صدارتی دوڑ میں رہنے کا ارارہ ظاہر کیا ہے۔

ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق ہلیری کلنٹن نے پورٹو ریکو میں بڑی فتح حاصل کرنے کے بعد پارٹی کے اندرونی ذرائع جنھیں سپر ڈیلیگیٹس کہا جاتا ہے کی آخری لمحات میں حمایت حاصل کی۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد کیلیفورنیا میں بات کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا ’ہم ایک تاریخی اور بے مثال لمحے کے دہانے پر ہیں لیکن ہمیں ابھی اور کام کرنا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’ ہمارے پاس کل (منگل) کو چھ انتخابات ہیں اور ہم خاص طور پر کیلیفورنیا کے لیے ایک ایک ووٹ کے لیے جان لڑا دیں گے ۔‘

واضح رہے کہ امریکی ووٹرز منگل کو چھ امریکی ریاستوں کیلیفورنیا، موٹانا، نیو میکسیکو، شمالی ڈیکوٹا، جنوبی ڈیکوٹا اور نیو جرسی میں ووٹ ڈالیں گے۔

برنی سینڈرز کی ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ سپر ڈیلیگیٹس جنھوں نے ہلیری کلنٹن کی حمایت کرنے کا وعدہ کیا ہے کی حمایت واپس لینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

برنی سینڈرز کے ترجمان مائیکل بریگز نے کہا کہ سپر ڈیلیگیٹس کے ووٹ سے قبل ڈیموکریٹک مقابلے کو ختم کہہ دینا جلد بازی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کنوینشن تک ہمارا یہ کام ہے کہ ہم سپر ڈیلیگیٹس کو یہ باور کرائیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کے لیے برنی بہت زیادہ مضبوط امیدوار ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close