دنیا

ٹی ٹی پی کے سرغنوں مُلا فضل اللہ، منگل باغ اور عبدالولی کی اطلاع دینے والے کیلئے امریکہ نے کتنے بڑے انعام کا اعلان کیا، جان کر آپ حیرت زدہ ہوجائیں

امریکی حکومت نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ مُلا فضل اللہ کا پتا بتانے والے کیلئے 50 لاکھ ڈالر، طالبان کی ذیلی شاخ جماعت الاحرار کے سربراہ عبدالولی اور نیٹو کے قافلوں پر حملہ کرنے والے منگل باغ کے بارے میں خبر دینے والے کیلئے 30 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ملا فضل اللہ کی قیادت میں پاکستانی طالبان نے امریکی مفادات کے خلاف کئے گئے بیتشر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ بیان کے مطابق ان حملوں میں آرمی پبلک سکول پشاور کا حملہ بھی شامل ہے، جس میں 148 افراد جاں بحق ہوئے جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2010ء میں ٹائمز سکوئر نیو یارک میں حملے کی ناکام کوشش بھی کی۔ ملا فضل اللہ سوات میں طالبان کے دور میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو قتل کروانے کے بھی ذمہ دار سمجھے جاتے ہیں اور انہوں نے امن کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پر بھی قاتلانہ حملہ کروایا تھا۔ ملا فضل اللہ کے گروپ نے ضلع دیر میں پاکستان فوج کے میجر جنرل ثناءاللہ نیازی کی ہلاکت کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی اور امریکہ نے انہیں عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

ملا فضل اللہ کو 2013ء میں حکیم اللہ محسود کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ چنا گیا تھا۔ امریکہ نے حکیم اللہ محسود کو بھی عالمی دہشتگرد قرار دیا تھا جس کے بعد انہیں ایک ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ امریکہ سے بات چیت کیلئے واشنگٹن گئی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان سمیت پاکستانی حکام امریکہ سے انسداد دہشت گردی کے معاملے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کریں گے۔ امریکہ اور افغانستان پاکستان پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے دیگر جنگجوؤں کی پشت پناہی کرتا ہے جبکہ پاکستان نے ہمیشہ ان الزامات سے انکار کیا ہے۔ امریکہ نے جنوری میں پاکستان کی 20 ارب ڈالر کی امداد بھی معطل کردی تھی اور کہا کہ پاکستان افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close