فلسطینی وزیراعظم رامی حمداللہ کے قافلے پر بم حملہ
مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی وزیراعظم رامی حمداللہ کے قافلے پر بم سے حملہ کیا گیا تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزیراعظم رامی حمداللہ پر غزہ کے دورے کے دوران بم سے حملہ کیا گیا جس میں وہ تو محفوظ رہے تاہم قافلے میں شامل دیگر متعدد افراد زخمی ہوگئے، حملہ اس وقت ہوا جب فلسطینی وزیراعظم رامی حمداللہ کا قافلہ غزہ کے دورہ پر تھا اور جیسے ہی رامی حمداللہ کی گاڑی غزہ میں داخل ہوئی اس کے کچھ ہی دیر بعد ان کے قافلے کو بم سے نشانہ بنایا گیا۔عرب میڈٰیا کا کہنا ہے کہ حملے کے باعث قافلے میں موجود 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جب کہ زخمیوں کو معمولی سی چوٹیں آئی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دیکر فارغ کردیا گیا ہے، سیکیورٹی حکام کاکہنا ہے کہ فلسطینی وزیراعظم رامی حمداللہ نے حملے کے بعد اپنی مصروفیات کو جاری رکھا جب کہ حملے کے شبہ میں متعدد افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب حکمران جماعت الفتح نے حملے کا الزام حماس پر لگایا ہے جب کہ حماس کی جانب سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکمران جماعت کی جانب سے حملے کے الزام پر حیرت کا اظہار کیا گیا ہے۔